چترال میں گاڑی کھائی میں جاگری،جاں بحق افراد کی تعداد 10ہوگئی،15 زخمی 

چترال(امت نیوز) چترال میں گاڑی کھائی میں جاگری ، جاں بحق افراد کی تعداد 10 یوگئی،15 زخمی  ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق چترال میں عشریت کے مقام پر ایک ڈبل کیبن ہائی ایس کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 15 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال دروش پہنچا دیا گیا ۔

حادثے کا شکار گاڑی اپر دیر سے دمیل چترال آرہی تھی۔ گاڑی میں 25 مسافر سوار تھے،حادثے کا شکار افراد کا تعلق ایک ہی برادری سے تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔جاں بحق افراد میں 60 سالہ رحمت نساء زوجہ گل زرین عمر ، 8 سالہ عبد اﷲ ولد یحییٰ خان ، 25 سالہ حلیمہ بی بی دختر محمد زرین ، 6 سالہ حکیم اﷲ ولد دائیم خان ، 13 سالہ منتظرہ دختر باچا خان ، 50 سالہ دائیم خان ولد گل زرین اور ایک بچی شامل ہے۔

یہ افراد دمیل چترال کے ساکن تھے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حادثہ مبینہ طورپرگاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے لوئر دیر سے چترال جانے والی مسافر وین کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔