قربانی کے گوشت کا محتاط استعمال نہایت ضروری ہے،ماہرین

کراچی (امت نیوز)صحت کے پیچیدہ مسائل سے بچنے کے لیے قربانی کے جانوروں کے گوشت کا متوازن استعمال شہریوں کےلئے بے حد ضروری ہے۔قربانی کے گوشت اورصحت سے متعلق مسائل میں خوراک سے پیدا ہونے والی بیماری (ایف بی ڈی) بھی شامل ہیں۔ایف بی ڈی بیماری کاآلودہ غذا یا مشروبات سبب ہوتی ہیں،ان آلودہ کھانوں میں کچا گوشت اور خراب غذا شامل ہیں۔

یہ بات آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر ایس ایم وسیم جعفری نے جمعہ کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، جامعہ کراچی کے عوامی آگاہی پروگرام کے تحت”عیدالاضحی پر صحت سے متعلق مسائل“ کے موضوع پر منعقدہ ایک لیکچر کے دوران کہی۔ لیکچر کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے باہمی تعاون سے کیا گیا تھا۔

پروفیسروسیم جعفری نے کہا ہے کہ اسہال،الٹیاں، پیٹ درد، متلی، بخار، تھکاوٹ، کمر یا جوڑوں کا درد ایف بی ڈی بیماری کی علامات ہیں۔ اس مرض میں بہت سے بیماریاں شامل ہیں جو بعض اوقات جان لیوا بھی ہوتا ہے، اس کی وجہ سے ہیضہ، ہیپاٹائٹس اے، ٹائیفائیڈ بخار جیسے پیچیدہ امراض پیدا ہوتے ہیں۔ خوراک سے پیدا ہونے والی بیماری کی روک تھام میں صفائی کا کردار انتہائی اہم ہے، چند اہم احتیاطی اقدامات سے خوراک سے پیدا ہونے والی بیماری کی روک تھام ممکن ہے جن میں ہاتھ اور سطحوں کو اکثردھونا، کھانا الگ پکانا، پکاتے وقت خاص درجہ حرارت کا خیال رکھنا،گوشت کو فوری طور پر فریج میں رکھنا اور ذاتی حفظانِ صحت کا خیال رکھنا شامل ہیں۔ شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر متوازن غذا کا استمال کریں تاکہ صحت سے متعلق متعدد امراض سے بچا جاسکے۔