کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی پہلی مرتبہ 201-250 کیٹیگری میں شامل

کراچی(امت نیوز) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے جامعات کی رینکنگ کی بین الاقوامی دوڑ میں پہلی مرتبہ 201 کیٹگری کی ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے صوبہ سندھ کی بہترین یونیورسٹی ہونےکا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ عالمی درجہ بندی کرنے والے ادارے دی ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ نے سال 2023 کی ایشیائی درجہ بندی میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو 201-250 رینج کی رینکنگ میں شامل کرلیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کی دوراندیش قیادت کے نتیجے میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی تیزی سے ابھرتی ہوئی جامعات میں شامل ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں عالمی درجہ بندی 601-800 پوزیشن حاصل کی تھی۔ یہ پوزیشن دنیا کے 1799 اداروں کے درمیان حاصل کی گئی تھی، جبکہ 2022 کی کیو ایس ایشیاء رینکنگ میں بھی ڈاؤ یونیورسٹی خطے کے عمیق تحقیق کے اداروں میں سے ایک کے طور پر شامل ہوئی تھی۔ "دی وور” میں ریسرچ آؤٹ پٹ بھی ایک انڈیکیٹر (اشاریہ) کے طور پر شامل تھا۔ اس کے علاوہ پہلا اشاریہ سائیٹیشن (citation) دوسرا انڈسٹری انکم ( صنعتوں سے گرانٹ) اور آخر میں بین الاقوامی آؤٹ لک یعنی بین الاقوامی مفاہمتوں کی تعداد تھا۔ "دی وور” کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کا تناسب 76:24 ہے (یعنی 76 فیصد لڑکیاں اور 24 فیصد لڑکے ہیں) اور اوسط 6.8 طالب علم فی عملے کی تعیناتی انتہائی اطمینان بخش ہے۔

ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کی جامعات میں ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ کی ایشیائی درجہ بندی 2023 میں ٹاپ 201 اور صوبے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا قابل فخر لمحہ ہے۔ درحقیقت ڈاؤ یونیورسٹی نے تعلیمی میدان میں نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ دنیا کی باوقار درجہ بندی ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیاء یونیورسٹی 2023 میں شمولیت ہمارے طبی تعلیم کے عزم کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا ہے۔ ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر صنم سومرو نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی سندھ کی واحد یونیورسٹی ہے جو ایشیائی درجہ بندی 2023 کی 201-250 کیٹگری میں شامل ہوئی ہے۔ "دی وور” میں حالیہ پوزیشن وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کی دوراندیش قیادت کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ یاد رہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی نے یونیورسٹی کا درجہ تو 2004 میں حاصل کیا تاہم جس طبی کالج کی بنیاد پر اسے یونیورسٹی کا درجہ ملا اس کالج کی سنگ بنیاد 10 دسمبر 1945 کو صوبہ سندھ کے گورنر سر ہیو ڈاؤ نے رکھا تھا۔