باجوڑدھماکا،دشمن پاکستان میں جمہوری نظام کیخلاف ہے،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں پر حملے سے واضح ہے دشمن پاکستان میں جمہوری نظام کے خلاف ہے جسکی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمیعتِ علماءِ اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن پر حملے کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔

شہباز شریف نے لکھا کہ پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ہمارے محافظ دشمن کے ایسے بزدلانہ ہتھکنڈوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مجھ سمیت قوم واقعہ میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے لکھا کہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فون پر گفتگو میں نہ صرف میں نے ان سے تعزیت کی بلکہ واقعے کی تفصیلات کے بارے پوچھا، میں نے وزیرِ اعلی، چیف سیکرٹری اور آئی جی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور واقعے پر رپورٹ کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات اور ہیلی کاپٹر سے اسپتال پہنچانے کی ہدایت کی ہے.

اپنے ایک اور بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ سیاسی جماعتوں پر حملے سے واضح ہے کہ دشمن پاکستان میں جمہوری نظام کے خلاف ہے جسکی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی، ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔