یوم آزادی پرہوائی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق،80 زخمی

کراچی: جشن آزادی پرمختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق،خواتین،بچوں،بزرگوں سمیت 80 سے زائد زخمی ہوگئے،ہوائی فائرنگ کرانے والوں کیخلاف کارروائی کے اعلان کے باوجود پولیس منہ تکتی رہ گئی،آزادی کا جشن منانے والوں کی اندھا دھند فائرنک نے 2 گھراجاڑدیئے جبکہ متعدد افراد کو اسپتال پہنچا دیا،پولیس پروٹوکول کی ڈیوٹیوں کے باعث ہوائی فائرنگ روکنے سے سے قاصر رہی،کراچی میں اتواراورپیرکی شب 14 اگست شروع ہوتے ہی ہرطرف آتش بازی اورہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔بغدادی تھانے کی حدود لیاری رینجرزہیڈ کوارٹر کے عقب میں فائرنگ کی زد میں آکر30 سالہ عبدالوہاب جاں بحق ہوگیا

مزار قائد پیپلزچورنگی کے قریب فائرنگ کی زد میں آکر 25 سالہ بسمہ دختراللہ داد جاں بحق ہوگئی،لڑکی موٹرسائیکل پراپنے بھائی کے ساتھ جارہی تھی،سول اسپتال ذرائع کے مطابق رات ایک بجے تک اولڈ سٹی ایریا میں جشن آزادی کے موقع پر ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والے 19 افراد لائے گئے،بلال کالونی سیکٹر 7/A میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص،لیاقت آباد ڈاکخانہ پل کے قریب 2 شہری زخمی ہوئے.

علاوہ ازیں محمود آباد 6 نمبرالبرکت ہوٹل والی گلی،گلشن اقبال،گلشن معمار،سہراب گوٹھ ،گلستان جوہرپہلوان گوٹھ ،شاہ لطیف ٹاؤن،شاہ فیصل کالونی،کلفٹن،ڈیفنس سمیت دیگرعلاقوں میں بھی رات گئے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا،ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 24 زخمیوں کو سول،29 کو جناح اور30 کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔