انتظار کی گھڑیاں ختم، ایشیا کپ 2023 کا میلہ آج ملتان میں شروع ہوگا

ملتان: ایشیا کپ 2023 کا انتظار ختم ہوا چاہتا ہے اور بدھ کے روز عالمی نمبر ایک پاکستان کی ٹیم افتتاحی میچ میں نیپال کے خلاف ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوگی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ملتان کسی کانٹی نینٹل ٹورنامنٹ کے میچ کی میزبانی کررہا ہے۔ یہ  پہلا موقع ہے کہ ملتان کسی کانٹی نینٹل ٹورنامنٹ کے میچ کی میزبانی کررہا ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں پہلی بار مدمقابل ہورہی ہیں۔ نیپال کی ٹیم پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے رہی ہے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے بارے میں خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس میچ کے موقع پر ایک زبردست ماحول ہوگا اور شائقین کی بہت بڑی تعداد اس میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوگی۔ میچ سے قبل افتتاحی تقریب ہوگی اور میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ اور نیپال کی گلوکارہ تریشالا گرونگ پرفارم کریں گی۔ اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریزگزشتہ سال جون میں کھیلی تھی جو اس نے تین صفر سے جیتی تھی۔ پاکستان ٹیم اس گراؤنڈ پر دس میں سے سات ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے۔