پاکستانی گیند بازوں کا سامنا کرنے کیلئے بہترین کھیل پیش کرناہوگا،کوہلی

کینڈی (اُمت نیوز)بھارتی سٹار بلے باز ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے ،پاکستان ٹیم میں کافی اچھا ٹیلنٹ ہے، وہ ایک کوالٹی ٹیم ہے، پاکستانی بالرز کا سامنا کرنے کے لئے بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا۔
ایشیا کپ سے قبل ایونٹ براڈکاسٹرز کی جانب سے جاری کردہ تازہ انٹرویو میں ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے ،پاکستان ٹیم میں کافی اچھا ٹیلنٹ ہے، وہ ایک کوالٹی ٹیم ہے، پاکستان کی سب سے مضبوط اسٹرینتھ اس کی بالنگ ہے کیوں کہ پاکستان ٹیم میں ایسے بااثر اور باصلاحیت بالرز ہیں جو کسی بھی موقع پر اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے میچ کا رخ بدل سکتے ہیں، پاکستانی بالرز کا سامنا کرنے کیلئے اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ ہمیشہ ون ڈے کرکٹ کو انجوائے کرتے ہیں، کیوں کہ ون ڈے کرکٹ کا چیلنج ان کا بہترین کھیل سامنے لاتا ہے، یہ فارمیٹ ایک بیٹر کا مکمل امتحان لیتا ہے، ان کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہر میچ میں ہر سیزن میں پہلے سے بہتر کیسے ہوسکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کارکردگی میں تسلسل رہتا ہے کیوں کہ اگر آپ نے صرف ایک پرفارمنس کو ہدف بناکر رکھا تو ایک موقع پر آکر آپ خود سے مطمئن ہو کر محنت کرنا بند کردیں گے۔ ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ ان کی نظر میں بہتری کی کوئی ڈیفینیشن نہیں، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہاں آکر سب کچھ حاصل کرلیا،کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں بہتری لائیں اور اس سوچ کے ساتھ ہی پرفارمنس خود بخود آجاتی ہے۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں صبح (2 ستمبر) بروز ہفتے کو پاکستان اور بھارت سری لنکا کے شہر کینڈی کے پالی کیلی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔