جیت کا تسلسل ایشین گیمز میں بھی برقرار رکھیں گے، ندا ڈار

لاہور (اُمت نیوز) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ایشین گیمز میں بھی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ساؤتھ افریقہ ویمن ٹیم سے فتح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندا ڈار نے کہا کہ ایک عرصے بعد پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر اچھی کرکٹ کھیلی، کھلاڑیوں کا کمبی نیشن بہت اچھا ہے، تمام کھلاڑیوں کیلئے یہ سیریز بہت اہمیت کی حامل رہی۔
ندا کا کہنا تھا کہ جیت کے تسلسل کو ایشین گیمز میں بھی برقرار رکھیں گے، آئی سی سی چیمپئن شپ کی ون ڈے سیریز میں بھی اچھا کھیل پیش کرنا ہے، کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا کہ ہم کسی سے کم نہیں ہیں۔
قومی ویمن ٹیم کی کپتان نے مزید کہا کہ جس شعبے میں ہمیں لگتا ہے کہ کام کرنا ہے اس پر توجہ دیتے ہیں، پہلی مرتبہ پاکستان میں جنوبی افریقا کو وائٹ واش کیا، جس پرخوشی ہے۔