ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے ٹکٹ کی قیمت 50 لاکھ تک پہنچ گئی

نیو دہلی :  پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ بڑی دلچسپی سے دیکھتے ہیں جس میں انہیں بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ایشیاء کپ کے بعد ورلڈ کپ 2023ء کا آغاز ہونے والا ہے جس میں 14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں بھارتی شہر احمد آباد میں آمنے سامنے ہوں گی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کی قیمت 50 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے، 29 اگست اور 3 ستمبر کو پاک بھارت میچ کی ٹکٹیں فروخت کیلئے پیش کی گئیں جو چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ کی کچھ ٹکٹس آن لائن پلیٹ فارم پر فروخت کیلئے پیش کی گئی ہیں جن کی قیمت 62 ہزار سے 57 لاکھ بھارتی روپے کے درمیان بتائی جارہی ہے۔