کراچی : نوجوان کا قتل، پاک کالونی کے مکین مشتعل، تھانے کا گھیراو

کراچی:  پاک کالونی میں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت پر مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے، تھانہ پاک کالونی کا گھیراو کرلیا۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران پر منشیات فروشوں کی سرپرستی کا الزام عائد کردیا۔ پولیس نے مظاہرین کو تھانے سے دور دھکیل دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مشتعل افراد تھانے کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے، جس وجہ سے کارروائی کرنا پڑی۔بعد ازاں رینجرز ہیڈکوارٹر 33 ونگ میں مظاہرین اور انتظامیہ کے مابین مذاکرات ہوئے۔

مظاہرین نے پولیس پر گینگ وار کے گروپ کی سرپرستی کا الزام لگاتے ہوئے رینجرز کی چوکی قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہےکہ منشیات فروشوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ایڈیشنل ائی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ ادھر مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہےکہ طاہر کو منشیات فروش گینگ وار کارندوں نے قتل کیا، علاوہ ازیں پولیس کا کہنا ہےکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔