ورلڈ کپ: ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کیخلاف بیٹنگ جاری

احمد آباد: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کی 283 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔ نیوزی لینڈ نے 10 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے۔ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز مین 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز اسکور کیے۔

انگلش ٹیم کے اوپنرز نے 40 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ڈیوڈ ملان 14 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، جونی بیرسٹو 33، ہیری بروک 25 جبکہ معین علی 11، کپتان جوز بٹلر 43، لیام لیونگسٹن 20، کرس ووکس اور سیم کرن 11، 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

انگلش بیٹر جو روٹ نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 86 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2، 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کوشش ہوگی ایونٹ کا آغاز میچ میں جیت کے ساتھ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کین ولیمسن صحتیاب ہورہے ہیں، اگلے میچز میں پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے۔

اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی کیویز کے خلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں۔