پاکستان نے 5وکٹوں کے نقصان پر 215رنز بنائے تھے، فائل فوٹو
پاکستان نے 5وکٹوں کے نقصان پر 215رنز بنائے تھے، فائل فوٹو

پاکستان دوسری مرتبہ ٹی20 وہیل چیئر ایشیا کا چیمپیئن بن گیا

کھٹمنڈو: پاکستان اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے دوسری بار ٹی20 وہیل چیئر ایشیا کا چیمپیئن بن گیا، گرین شرٹس نے یکطرفہ مقابلے میں سری لنکا کے خلاف 103رنز سے فتح اپنے نام کی۔

موصول اطلاعات کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلے گئے ٹی20 وہیل چیئر ایشیا کپ کے فیصلہ کن معرکے میں دفاعی چیمپیئن پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان اوپنرز نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے میچ کا اسکور 140 تک پہنچایا۔ پاکستان کو پہلا نقصان 140کے اسکور پر محمد عدنان کے رن آؤٹ ہونے کی صورت میں ہوا۔ محمد عدنان اورعمر گل کے درمیان 140رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ محمد عدنان نے 66رنز بنائے۔

محمد لطیف 4رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے اور 150رنز پر پاکستان کو دوسرا نقصان ہوا۔ ساجد علی عباسی 8رنز بناکر پویلین لوٹے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 196رنز پر گری۔ عمر گل 95رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔ انہوں  نے 53گیندوں کی مدد سے 95رنز کی اننگز کھیلی۔ مثل خان 14رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے 5وکٹوں کے نقصان پر 215رنز بنائے۔ فیض11 اور احمد یار 8رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ سوجیوا نے دو وکٹیں لیں۔سری لنکا 216 رنز کے تعاقب میں 17.2اوورز میں 113رنز پر ڈھیر ہوگئی۔