کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا کوجنوبی افریقا کے ہاتھوں 134 رنز سے شکست

لکھنو: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں آج ہونے والے میچ میں جنوبی افریفا نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے شکست دے دی،312 رنز کے ہدف میں آسٹریلوی ٹیم 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ربادا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

سائوتھ افریقی گیند بازی کے سامنے آسٹریلوی بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے،آسٹریلیا کی ابتدائی 3 وکٹیں 50 رنز پر گری،70 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد لمبوسچانے نے مرد بحران ثابت ہوتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت کی طرف لے جانے کی کوشش کی تاہم وہ 46 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

مچل اسٹارک 22 جبکہ کپتان پیٹ کمنز 27 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔افریقی گیندبازوں کی جانب سے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ربادا نے 3 شکار کیے جب کہ جینسن،کیشیو مہاراج اور شمسی تبریز نے 2 وکٹیں حاصل کی،نگیڑی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

لکھنو میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کیخلاف ٹاس جیت کے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،جنوبی افریقا کیجانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک اور کپتان ٹیمبا باووما نے کیا جس کے بعد اوپننگ بیٹسمینوں کے درمیان 108 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور پھر کپتان ٹیمبا باووما 20 ویں اوور میں گلین میکسویل کی گیند پر 35 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کوئنٹن ڈی کوک کے علاوہ مارکرم نے نصف سنچری بنائی تاہم وہ سنچری میں کنورٹ کرنے میں ناکام رہے اور پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔مچل اسٹارک اور گلین میکسویل نے 2 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ایڈم زیمپا،جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز کے حصے میں 1 1 وکٹ آئی۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، کیمرون گرین اور الیکس کیری کی جگہ جوش انگلیس اور مارکس اسٹوئنس پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔ کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ جنوبی افریقہ ٹیم میں سپنر تبریز شمسی کو شامل کیا گیا ہے۔