ورلڈکپ : آسٹریلیا نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

لکھنئو: آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 14 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے بعد میگا ایونٹ میں کینگروز کو پہلی کامیابی مل گئی۔لکھنئو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023 کے 14 ویں میچ میں سری لنکا کے 210 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 35.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا، میچ میں سری لنکن اوپنرز کی جانب سے شاندار آغاز فراہم کرنے کے باوجود سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 209 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ سری لنکا کے 8 بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔

سری لنکن اوپنرز نے ٹیم کو 125 رنز کا آغاز فراہم کیا، پاتھم نسانکا 61 رنز، کسال پریرا 78 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، کپتان اور فاسٹ بولر پیٹ کمنز کی گیند پر ڈیوڈ وارنر نے پتھم نسانکا کا کیچ پکڑا جبکہ کسال پریرا کو بولڈ کیا۔

ایڈم زمپا کی گیند پر کپتان کوسال مینڈس کیچ تھما بیٹھے جبکہ لیگ اسپنر نے ہی سدیرا سمارا وکراما کی وکٹ حاصل کی۔مچل اسٹارک نے دھننجایا ڈی سلوا کو پویلین کی راہ دکھائی، کسال مینڈس 9 رنز، سدیرا سمارا وکراما 8 رنز، دھننجایا ڈی سلوا 7 رنز، دونیتھ ویلالگے 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔چمیکا کرونارتنے 2، مہیش تھیکشنا صفر، لاہیرو کمارا 4 رنز بنا سکے جبکہ دلشان مدوشنکا صفر رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے 4، مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ گلین میکسویل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ اس سے قبل بارش کے باعث کھیل کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔

سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ لکھنؤ میں کھیلا جا رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی دو میچز میں فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔لکھنئو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کے کپتان کوسال مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا کے کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، ہمیں انجری مسائل کا سامنا ہے، اس وکٹ پر 200 سے 300 رنز کا اچھا اسکور ہوگا۔

کوسال مینڈس نے بتایا کہ ٹیم میں داسن شناکا اور متیشا پتھیرانا کی جگہ چمیکا کرونارتنے اور لاہیرو کمارا کو شامل کیا گیا ہے۔آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ پچھلے ایک دو دن اچھی ٹریننگ کی، آسٹریلوی ٹیم نے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

میگا ایونٹ میں دونوں ہی ٹیمیں پہلی کامیابی کی منتظر ہیں، دونوں ٹیموں نے میگا ایونٹ میں اب تک 2، 2 میچز کھیلے ہیں لیکن دونوں ٹیموں کو کامیابی نہیں ملی ہے۔سری لنکن ٹائیگرز کو پہلے میچ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں 102 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اسی طرح آسٹریلیا کو پہلے میچ میں میزبان بھارت نے 6 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے کینگروز کو 134 رنز سے شکست دی۔ ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت سری لنکا آٹھویں اور آسٹریلیا دسویں نمبر پر موجود ہے۔