تیسرا ویمنز ٹی 20، منیبہ کی شاندار ففٹی، پاکستان کو فتح دلادی

چٹوگرام(اُمت نیوز) تیسرے ویمنز ٹی 20 میچ میں منیبہ علی نے پاکستان کو بنگلہ دیش پر 31 رنز سے فتح دلادی۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں منیبہ علی نے 49 بالز پر 61 رنز بنائے، بسمہ معروف کے ساتھ دوسری وکٹ کیلیے 106 رنز کی شراکت نے پاکستان ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی، یہ ویمنز ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی دوسری وکٹ کیلیے سب سے بڑی شراکت ہے۔

یہ لواسکورنگ میچ کا واحد دورانیہ تھا جس میں بیٹ بال پر غالب رہا، بسمہ معروف نے 48 رنز بنائے، جس کی بدولت گرین شرٹس 4 وکٹ پر 132 رنز اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہیں۔
جواب میں بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم 9 وکٹ پر 101 رنز بناسکی، سعدیہ اور عالیہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔