پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

کولکتہ : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 31ویں میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ میں خود کو شامل رکھا ہے بنگلا دیش کی جانب سے دیے گئے 205 رنز کا ہدف پاکستان نے 33 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلا دیشی اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا آغاز کیا اور اپنے ابتدائی 2 اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ میچ کی پانچویں گیند پر جبکہ دوسری وکٹ تیسرے اوورز میں 6 رنز پر گری۔

بنگلادیشی بیٹر تنزید حسن کو شاہین آفریدی نے صفر پر ایل بی ڈبلیو جبکہ نجم الحسین کو 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ شاہین آفریدی کے بعد حارث رؤف نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی، بنگلا دیش کی تیسری وکٹ چھٹے اوور میں 23 رنز پر گری جب مشفق الرحیم 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں لٹن داس اور محمود اللّٰہ نے چوتھی وکٹ پر 79 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا اسکور 102 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 21 ویں اوورز میں لٹن داس 45 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بنگلا دیش کی پانچویں وکٹ 31 ویں اوور میں 130 رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے محمود اللّٰہ کو 56 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔

اس کے بعد اگلے ہی اوور میں 140 کے مجموعی اسکور پر بنگلا دیش کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا، توحید ہری دوائے 7 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 185 رنز پر گری جب خطرناک دکھائی دے رہے شکیب الحسن حارث رؤف کی گیند پر 40 ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے، بنگلادیشی کپتان نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلادیش کو آٹھواں نقصان 200 رنز پر ہوا، جب مہدی حسن میراز 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے، انہیں محمد وسیم جونیئر نے بولڈ کیا، اسی اوور میں وسیم نے پہلے تسکین احمد اور پھر اگلے اوور میں مستفیض الرحمان نے کو بولڈ کردیا، تسکین احمد نے 6 اور مستفیض الرحمان نے 3 رنز بنائے۔ اور یوں پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کے سبب بنگلادیش کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 45.1 اوورز میں 204 رنز پر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔