الیکشن تاریخ کااعلان:اسٹاک مارکیٹ میں مزید 314پوائنٹس اضافہ

کراچی: سپریم کورٹ میں ا لیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ دینے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروبار ی سرگرمیوں میں تیزی کا رجحا ن غالب رہا ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبارکا آغاز منفی زون میں ہونے کے باوجود کاروبار میں مثبت رحجان دیکھا گیا اور انڈیکس52600کی سطح سے بڑھ گیااور52342پوائنٹس کی سطح سے بڑھ کر52656پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ30ارب52کروڑ2لاکھ 83ہزار955روپے بڑھ کر76کھرب39ارب82کروڑ88لاکھ37ہزار800روپے ہو گیا۔ حصص مارکیٹ میں جمعرات کو14ارب روپے مالیت کے47کروڑ50لاکھ85ہزار837 حصص کے سودے ہوئے۔

اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر354کمپنیوں کا کاروبار ہواجس میں سے194کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 135میں کمی اور25کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثنا انٹربینک اورمقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالرکی قدر میں تیزی رہی ۔جمعرات کو روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت فروخت انٹربینک میں78پیسے بڑھ کر283.43روپے پر پہنچ گئی۔ جبک اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید1روپے اضافے سے.50 284روپے پر پہنچ گیا۔

علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو ایک تولہ سونا1500روپے بڑھ گیا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت2لاکھ11ہزار800 روپے سے بڑھ کر2لاکھ13ہزار300 روپے ہوگئی۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو دس گرام سونے کی قیمت میں1286روپے اضافے سے 10 گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 82ہزار870 روپے رہی۔