بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کی اجازت کے بغیر سیمی فائنل کیلئے بنائی پچ تبدیل کردی

اسلام آباد (اُمت نیوز)بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں کامیاب کروانے کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اجازت کے بغیر پچ تبدیل کردی۔
بھارت اور نیوزی لینڈ ٹاکرے سے پہلے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے دعویٰ کیا ہے کہ کے بی سی سی آئی نے سیمی فائنل مقابلے کے لیے پچ کو تبدیل کردیا ہے، سیمی فائنل ایسی پچ پر ہورہا ہے جو پہلے ہی دو بار استعمال ہو چکی ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ ایک حیرت انگیز تنازع میں پھنس گیا ہے، بھارتی بورڈ نے آج ممبئی میں ہونے والے نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل سے قبل ہی پچ آئی سی سی کی اجازت کے بغیر تبدیل کی۔
آئی سی سی ایونٹس میں پچز گورننگ باڈی کے کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن کی نگرانی میں تیار کی جاتی ہیں جو ہوم بورڈ کے ساتھ پیشگی رضامندی ظاہر کرتے ہیں کہ اسکوائر پر موجود نمبر والی پٹیوں میں سے کون سی پچ میچ کے لیے استعمال کی جائے گی۔
برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا کہ ٹورنامنٹ اپنے عروج پر پہنچنے کے ساتھ ہی اس معاہدے کو نظر انداز کر دیا گیا ہے اور سیمی فائنل ایک ایسی پچ پر کھیلا جائے گا جو پہلے ہی دو بار استعمال کی جا چکی ہے جس سے ممکنہ طور پر بھارت کے عالمی معیار کے اسپنرز کو مدد ملے گی کیونکہ وہ 2011 کے بعد پہلی بار 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنا چاہتے ہیں۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے جانے والے میچ کی پچ نمبر 7 ہونی چاہیے تھی، جو اس مقام کے چار گروپ میچوں میں سے کسی کے لیے بھی استعمال نہیں کی گئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ منگل کو بی سی سی آئی اور آئی سی سی کے 50 سے زائد عہدیداروں کے ایک گروپ کو ایک واٹس ایپ پیغام جاری کیا گیا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ پہلا سیمی فائنل پچ نمبر 6 پر منتقل کردیا گیا جس پر پہلے ہی انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے علاوہ بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ کھیلا جا چکا ہے۔