بھارت 12 سال بعد ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

ممبئی(اُمت نیوز)بھارت نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو ستر رنز سے شکست دے دی۔ تین سو ستانوے رنز کے جواب میں کیویز 48.5 اوورز میں 327 رنز پر ہمت ہار گئے۔
محمد شامی کیویز کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے جنہوں نے سات کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ڈیرل مچل کے 137 رنز بھی رائیگاں گئے۔ بھارتی بلے بازوں ویرات کوہلی اور شریاس ایئرنے شاندارسنچریاں بنائیں۔ شاندار بولنگ پر محمد شامی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز مایوس کن رہا۔ دونوں اوپنرز صرف 39 کے مجموعی اسکور پر 13، 13 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں کے مابین 181 رنز کی شراکت ہوئی لیکن 220 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن 69 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کین ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ بھی فوراً گر گئی، ٹام لیتھم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ گلین فلپس 41، مارک چپمین 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
46 ویں اوور میں ڈیرل مچل بھی 134 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ہمت ہار بیٹھے جس کے بعد وکٹوں کی جھڑی لگ گئی۔
مچل سانٹنر اور ٹم سوتھی 9، 9 اور لوکی فرگوسن 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ٹرینٹ بولٹ دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی طرف سے محمد شامی نے 7 وکٹیں لیں۔ جسپریت بمراہ، محمد سراج اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین پہنچایا۔