چیمپئنز ٹرافی،فارمیٹ میں تبدیلی کا مطالبہ ہونے لگا

 

کراچی(اُمت نیوز) چیمپئنز ٹرافی کے فارمیٹ میں تبدیلی کا مطالبہ ہونے لگا جب کہ نشریاتی ادارے نے 2025 میں پاکستانی سرزمین پر شیڈول ایونٹ کو ون ڈے کے بجائے ٹی 20 میں تبدیل کرنے کی درخواست کردی۔
چیمپئنز ٹرافی ورلڈکپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ کا سب سے مقبول ایونٹ رہا ہے، گذشتہ دہائی میں اسے ختم بھی کردیا گیا تھا تاہم بعد میں نئی سائیکل میں واپس لایا گیا، جس کے تحت 8 ملکی اس ٹورنامنٹ کا انعقاد 2025 میں پاکستان میں ہوگا۔
کونسل کا آفیشل نشریاتی ادارہ چاہتا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ون ڈے کے بجائے ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے ، مختصر فارمیٹ میں کمائی زیادہ ہے، بھارت میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈکپ میں لاکھوں لوگوں نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا اور ویورشپ کے نئے ریکارڈ بھی قائم ہونے کی توقع ہے۔

آئی سی سی کی 4 ماہی میٹنگز کا ہفتے سے بھارت میں آغاز ہوگیا، منگل کے روز بورڈ کا اجلاس ہوگا جس میں نشریاتی ادارے کی چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ تبدیل کرنے کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔

آئی سی سی مختصر فارمیٹ کی بہتات سے کافی پریشان ہے، ہر 2 برس بعد ورلڈکپ ہورہا ہے، اولمپکس میں بھی یہی فارمیٹ کھیلا جائے گا، اس طرز میں باہمی سیریز کی تعداد بڑھ گئی، بہت زیادہ لیگز بھی کھیلی جارہی ہیں جس کی وجہ سے شائقین بھی اب بور ہونا شروع ہوگئے ہیں، آئی پی ایل کی بھی ویورشپ کم ہورہی ہے، اس لیے آئی سی سی کسی بھی فیصلے سے قبل تمام پہلوؤں کو زیرغور لائے گی۔

اسی میٹنگ میں ون ڈے کرکٹ کا مستقبل بھی زیرغور آئے گا، اگرچہ اسے فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم سپرلیگ ختم کرنے اور 2027 ورلڈ کپ کیلیے ٹیموں کا انتخاب رینکنگ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے،البتہ بعض بورڈز سپر لیگ پھر سے شروع کرنے کے حق میں ہیں۔