نیوزی لینڈ بہترین ٹیم، ہوم گراؤنڈ پر ہرانا آسان نہیں ہوگا: ندا ڈار

ڈونیڈن (اُمت نیوز) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم بہترین ٹیم ہے اسے ہوم گراؤنڈ پر ہرانا آسان نہیں ہوگا۔
کپتان ندا ڈار نے ڈونیڈن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیریز سے پہلے ہمارے پریکٹس سیشن بہت اچھے رہے ہیں، پریکٹس میچز سے ہمیں فائدہ ہو گا، ہم سیریز کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم بہترین ٹیم ہے، ان کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا آسان نہیں لیکن ہمارا باؤلنگ اٹیک اچھا ہے اور ہم نے سپن اور فاسٹ باؤلنگ کا شعبہ مضبوط کیا ہے۔
ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ان کنڈیشنز میں کھیلنا ایک چیلنج ہے لیکن سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ہم جس طرح کھیلتے ہوئے آرہے ہیں ہمیں اس سلسلے کو برقرار رکھنا ہے، ہماری پوری ٹیم باصلاحیت ہے، کسی ایک کی نشاندہی نہیں کی جا سکتی اور ہمیں سیریز میں بنیادی چیزوں پر فوکس رکھنا ہو گا۔
واضح رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ کل کھیلا جائے گا۔