پی ایس ایل سیزن 9 کیلئے ریکارڈ توڑ غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کی بھر پور تیاریاں شروع کردیں جبکہ غیر ملکی کرکٹرز بڑھ چڑھ اپنی دستیابی ظاہر کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے سیزن 9 کے لیے ابھی تک 254 انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروالی ہیں جبکہ پی ایس ایل 9 میں ابھی تک آسٹریلیا کے کسی بڑے نام نے رجسٹریشن نہیں کروائی۔
پلاٹینم کھلاڑیوں میں 20 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ پلاٹینم کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے سب سے زیادہ کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔
انگلینڈ کے جیمی اوورٹن، ڈیوڈ ویلی، ڈیوڈ ملان، لوک ووڈ، ریس ٹاپلی، سری لنکا کے داسن شناکا، بھنوکا راجاپکشا، اینجلو میتھیوز، کوسال مینڈس، جنوبی افریقا کے ڈوئین پریٹوریس، رائلی روسسو، رسی ون ڈر ڈوسن، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، افغانستان کے مجیب الرحمان اور حضرت اللہ زازئی بھی پلاٹینم میں رجسٹرڈ ہو گئے ہیں۔
نیپال سے سندیپ لامیچین، ویسٹ انڈیز کے اوڈین اسمتھ اور برینڈن کنگ بھی شامل ہیں، ڈائمنڈ کیٹگری میں 103 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔
پی ایس ایل مینجمنٹ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی ابتدائی فہرست فرنچائزز کے ساتھ شئیر کردیں۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 9 کی ڈرافٹنگ 13 دسمبر کو لاہور میں ہوگی۔