پرتھ ٹیسٹ،تیسرا روز،آسٹریلوی باؤلرز کے سامنے پاکستانی بلے باز بے بس

پرتھ (اُمت نیوز) پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں پاکستان نے تیسرے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنا لئے۔
میچ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم نے اپنی نامکمل پہلی اننگ کا آغاز 2 وکٹ پر 132 رنز سے کیا تاہم اب قومی ٹیم کی جانب سے کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، تیسرے روز کے کھیل میں چائے کے وقفے تک قومی ٹیم 203 رنز پر چھ وکٹیں گنوا چکی ہے۔
اس وقت سعود شکیل 16 گیندوں پر 12 اور سلمان علی آغا 9 گیندوں پر 4 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔
دوسرا روز
گزشتہ روز دوسرے دن کے اختتام پر امام الحق 38 اور خرم شہزاد 7 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم کے 487 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے کیا تھا۔
دونوں بیٹرز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کا اسکور 36.2 اوورز میں 74 رنز تک پہنچایا جس کے بعد عبداللّٰہ شفیق 42 رنز پر اسپن بولر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 49.3 اوورز میں 123 رنز پر گری، کپتان شان مسعود 30 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔