آسٹریلیا سے دوسری مرتبہ سیریز ملتوی ہونے پر مایوسی ہوئی، فائل فوٹو
تینوں کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط سے انکار ی رہے، فائل فوٹو

افغان کرکٹ بورڈ نے 3 اہم کھلاڑیوں کو سخت سزا سنا دی

کابل: افغان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ نہ لینے اور لیگ کرکٹ کیلئے این او سی جاری کرنے کے مطالبے پر بضد رہنے والے3 اہم ترین کھلاڑیوں کو سخت سزا سنا دی ۔

افغان کرکٹ بورڈکی جانب سے مجیب الرحمن، فضل الحق فاروقی اور نوین الحق کو 1 سال تک سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیاہے اور ساتھ ہی اگلے 2 سال تک لیگ کرکٹ کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔

افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں بتایا گیاہے کہ تینوں کھلاڑیوں نے کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ انہیں جنوری  2024  کے سینٹرل کنٹریکٹ سے آزاد کیا جائے اور ساتھ ہی فرنچائز ٹورنامنٹ کیلیے این او سی جاری کیا جائے، کھلاڑیوں کے غیر ذمے دارانہ رویے کو سامنے رکھتے ہوئے بورڈ نے تینوں کے خلاف سخت ڈسپلنری ایکشن لینے کا فیصلہ کیا۔

بورڈ نے بیان کہا کہ تینوں کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط سے انکار ی رہے کیونکہ وہ خود کو لیگ کرکٹ میں مصروف رکھنا چاہتے تھے ، جس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے ملکی کرکٹ کے مفاد کی بجائے اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔

تینوں کھلاڑیوں کے مطالبے پر بورڈ کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کی اور کرکٹ بورڈ کے حق  میں بہتری کے اقدامات کے طور پر سزائیں تجویز کیں ۔