قومی ٹیم کی کپتانی میرے لئے فخر کی بات ہے: شاہین شاہ آفریدی

آکلینڈ ( اُمت نیوز) قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ پاکستان ٹیم کی کپتانی کر رہا ہوں۔

آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ بحیثیت ٹیم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بہت اچھا کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں، ورلڈ کپ سے پہلے 17 میچز ہیں جن میں غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ فرحان، عامر جمال اور اعظم خان کا کم بیک ہوا ہے، بابر اور رضوان بہترین اوپننگ جوڑی ہے، ورلڈ کپ سے پہلے کمبی نیشن بنانے کیلئے بیٹنگ آرڈر پر تجربہ کریں گے۔

قومی ٹی 20 کپتان کا کہنا تھا کہ میں بالکل فٹ ہوں، ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ سے ہی اولین ترجیح رہی ہے، انجری نہ ہو اس لئے ٹیم مینجمنٹ نے ریسٹ کروایا، ٹیم کامیاب ہوتی ہے تو سب ساتھ ہوتے ہیں شکست میں بھی سپورٹ کرنی چاہیے۔

شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ بابر اعظم کی فارم خراب نہیں وہ بہترین کرکٹر ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں ہر گیند 140 پلس نہیں کر سکتے، جسم ہے کوئی مشین نہیں وقت دینا پڑتا ہے، کوشش کر رہا ہوں کہ خود کو مزید فٹ کروں۔