حرام سے بچیں، حلال کمائیں، کراچی تبلیغی اجتماع دعا کیساتھ اختتام پذیر

کراچی:  تبلیغی اجتماع 4 روز بعد اتوار کو خصوصی بیان اور رقت آمیز دعاوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، خصوصی دعا مولانا احمد بٹلہ نے کروائی، دعا میں انہوں نے کہا کہ اے رب کائنات ہم اپنے گناہوں سے توبہ کرتے ہیں، ہماری توبہ قبول فرما، آئندہ ہمیں گناہوں سے بچنے کی توفیق عطاء فرما۔ اے ہمارے رب کریم فلسطین سمیت دنیا میں جہاں بھی مسلمانوں اور انسانیت پر ظلم ہورہا ہے، انہیں ظلم و ستم سے نجات عطاء فرما۔ امت مسلمہ کے مسائل حل فرما دے، ہمیں اسلام پر چلنے کی توفیق عطا فرما اور ہمیں دین سے جوڑ دے۔

قبل ازیں اجتماع میں ہدایات مولانا ضیاء الرحمن نے دیں۔ خصوصی بیان میں ڈاکٹر سلیم نے کہا کہ آپ دین سے جڑ جائیں، دین ہی کامیابی ہے، ہر حال میں نماز قائم کریں۔ تبلیغ انبیاء کرام کا کام ہے، تبلیغ کے پیغام کو عام کریں، مشکلات اور پریشانیوں سے نکلنے کا واحد حل اسلامی احکامات پر عمل کرنا ہے، حلال روزی کمائیں، حرام سے بچیں، رب کائنات مشکلات حل کرنے والا ہے، اسی سے مانگتے رہیں، والدین کی خدمت کریں، اپنے بچوں کو دینی تعلیمات کی طرف راغب کریں، اپنے اطراف موجود غریب اور پریشان حال افراد کی مدد کریں، رب کریم ہماری دعاوں کو قبول فرمائے اور ہمیں دین سے جوڑ دے۔