سابق کپتان سرفراز احمد کا مفت تعلیم کیلئے بڑا قدم اٹھانے کا اعلان

لاہور: (اُمت نیوز) سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں مفت تعلیم کے لیے یونیورسٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کےمطابق سرفراز احمد کا اپنے بیان میں کہنا تھاکہ مہنگائی کے دور میں حصول علم بہت مشکل ہوگیا ہے، طالب علموں کے لیے تعلیم کے مالی اخراجات کا ادا کرنا ناممکن سا ہوگیا ہے جبکہ بڑھتی ہوئی فیسوں کے سبب بعض اوقات تعلیمی اداروں میں داخلہ لینا بھی ممکن نہیں ہوتا، مالی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فلاحی مقاصد کے لیے کوشاں غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس یونیورسٹی میں طلبا کو مفت تعلیم فراہم کریں گے تاکہ وہ علم حاصل کرکے اپنا مستقبل سنواریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اس ضمن میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے، منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت ملک بھر کی جامعات اور ماہرین تعلیم سے بھی رابطے کرکے تعاون حاصل کیا جائے گا۔