انتظارکی گھڑیاں ختم،پی ایس ایل9 کاآج سے شاندار آغا ز، شائقین پرجوش

لاہور(امت اسپورٹس ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا آج سے آغا ز ہو گا۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن اور دو بار کی فاتح لاہور قلندرز اور دو ہی بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔پاکستان کی سیاسی کشمکش میں ہونیوالے چھکوں چوکوں والے ٹورنامنٹ کے میچ کی پہلی گیند رات 8 بجے کرائی جائے گی۔ ڈبل ہیڈر میں دوپہر کا میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا جبکہ شام کے میچ کی پہلی گیند رات 7 بجے کی جائے گی۔

رمضان المبارک کے دوران ہونے والے میچز رات 9 بجے شروع ہوں گے۔پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم ایچ بی ایل پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی پہلی بار میزبانی کرے گا۔ شام ساڑھے چھ بجے شروع ہونے والی تقریب میں شائقین نہ صرف شاندار آتش بازی کا نظارہ کریں گے بلکہ عارف لوہار، پاپ بینڈ نوری اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے ترانے کے گلوکار علی ظفر اور آئمہ بیگ سمیت فنکار بھی پرفارم کریں گے۔

اس کے بعد خوبصورت لیزر شو ہوگا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں چار شہر کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی ایونٹ کے 34 میچز کی میزبانی کریں گے۔ لاہور کا قذافی سٹیڈیم نو میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں لاہور قلندرز ہوم ٹرف پر پانچ میچ کھیلے گی۔