پی ایس ایل 9: ملتان سلطانز نے ہوم گراؤنڈ پرکراچی کنگز کو دھول چٹادی

ملتان(امت اسپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل سیزن 9 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے 185 رنز کے جواب میں کراچی کنگز 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بناسکی۔

شعیب ملک 53، شان مسعود 30، کیرن پولارڈ 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مذکورہ تین بلے بازوں کے علاوہ کراچی کنگز کا کوئی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا جبکہ 4 بلے باز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ اوپنرز محمد رضوان اور ڈیوڈ میلان نے ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز کیا تاہم 17 رنز کے مجموعی اسکور پر کپتان محمد رضوان 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ڈیوڈ میلان 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ریزا ہینڈرکس نے 79 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ خوشدل شاہ 13 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آخری تین فائنل کھیلنے والی ملتان سلطانز محمد رضوان کی قیادت میں کافی متوازن نظر آرہی ہے۔