سماجی تنظیم دعا فاؤنڈیشن کی زیارت میں امدادی کارروائی

سخت سردی اور منفی درجہ حرارت میں بھی دعا فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے بلوچستان کے سرد مقام زیارت میں مستحق اور سفید پوش طبقے میں گرم لباس، جوتے ، کمبل اور دوسری اشیاء تقسیم کی ہیں۔ زیارت بلوچستان کا وہ مقام ہے جہاں شدید سردی اور برف باری کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوتے ہیں۔ غریب اور کمزور مالی حالت رکھنے والے گھرانوں کیلئے یہ دن بہت کٹھن ہوتے ہیں ، کیوں کہ اس موسم میں کم سیاح اس جگہ کا رخ کرتے ہیں۔ _ دعا فاؤنڈیشن کراچی کے کارکن ہر سال بلوچستان کے بھائیوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کیلئے طویل سفر طے کرکے انہیں سردی سے بچاو کے لباس اور دوسری اشیا پہنچاتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی تقریبا دو ہزار افراد میں سردی کے لباس، جیکٹ ، سوئٹر، کمبل، موزے، لانگ شوز ، دستانے اور دوسری اشیا تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے دعا فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر خان، وائس چیئرمین ممتاز عالم، عدنان رشید اور دوسروں نے کہا کہ اس موسم میں روزگار کے ذرائع محدود ہونے کے باعث یہاں کے لوگ مشکل سے وقت کاٹتے ہیں۔ ان دور دراز علاقوں میں امداد کم ہی پہنچ پاتی ہے، اسی لیے انہوں نے اس علاقے کو منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایک ایک گھر میں دس دس افراد مقیم ہیں، جو روزگار کے ذرائع نہ ہونے کے سبب مشکلات سے دو چار رہتے ہیں۔ سخت سردی میں یہاں سیاحت بھی کم ہوتی ہے، جس کے باعث بہت سے خاندانوں کا ذریعہ آمدنی تقریبا ختم ہوجاتا ہے۔ زیارت کے مقامی افراد نے اہل کراچی کے انسانیت کے جذبے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جذبہ خدمت تمام پاکستانیوں کیلئے ایک روشن مثال ہے۔