مشق 15 جنوری سے 26 فروری 2024 تک جاری رہی، فائل فوٹو
مشق 15 جنوری سے 26 فروری 2024 تک جاری رہی، فائل فوٹو

پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کا کامیاب مظاہرہ

راولپنڈی: پاک بحریہ نے مشق سی سپارک 2024 کے اختتام پر شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کا کامیاب مظاہرہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے فائر پاور ڈسپلے کا مشاہدہ کیا، پاک بحریہ کے جہاز نے سطح آب سے فضا میں مار کرنے والے ایف ایم 90 میزائلوں سے فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لائیو میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور حربی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی بحری سرحدیں ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔