اسرائیل اپنے یرغمالی چھڑا کر جنگ دوبارہ شروع کرنا چاہتاہے:اسماعیل ہنیہ

غزہ ( اُمت نیوز ) فلسطینی تحریک حماس کے پولٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل اپنے یرغمالی چھڑا کر جنگ دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں جنگ کے دوران بے گھر ہونیوالے فلسطینیوں کی ان کے علاقوں میں واپسی کا کوئی وعدہ نہیں کیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ گرفتار افراد کو بازیاب کر کے جنگ دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہے۔ یہ بات ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس نے مذاکرات کے دوران کچھ اُصول قائم کیے، جس میں غزہ میں جنگ کو ختم کرنا اور اگلے دن کے منصوبے کو روکنا شامل ہے، اسرائیل مذاکرات میں اس بات پر زور دیتا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے والے محور پر رہے گا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں جنگ بندی قائم کرنے کے لیے ثالثی کی کوششیں دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے کیونکہ مصری دارالحکومت قاہرہ آنے والے گھنٹوں میں فریقین کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کرنے والا ہے جس کا مقصد حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر سمجھوتہ کرنا ہے۔

مصری، قطری اور امریکی ثالثوں کی جانب سے رمضان کے مہینے میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی خواہش کے باوجود مذاکرات کا آخری دور جس میں اسرائیل غیر حاضر تھا دونوں ملکوں کے درمیان کسی معاہدے کی حتمی شکل تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔