کسی بھی سیاسی جماعت کا بیرونی ممالک میں بینک اکاونٹس کھولنا اور خفیہ رکھنا جرم ہے، فائل فوٹو
کسی بھی سیاسی جماعت کا بیرونی ممالک میں بینک اکاونٹس کھولنا اور خفیہ رکھنا جرم ہے، فائل فوٹو

اکبرایس بابر نے پی ٹی آئی کےلیے خطرے کی نئی گھنٹی بجا دی

اسلام آباد: بانی رکن اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے غیرملکی خفیہ بینک اکاونٹس کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نام خط میں انہوں نے لکھا کہ کسی سیاسی جماعت کا بیرون ملک اکاونٹس کھولنا اور خفیہ رکھنا جرم ہے۔بیس ماہ گزرنے کے باوجود فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کردیا۔

انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں پی ٹی آئی سے بلا واپس لینے کے فیصلے کے بنیادی کردار اکبر ایس بابر نے اپنی سابق جماعت کے لیے خطرے کی ایک اور گھنٹی بجا دی، تحریک انصاف کے غیرملکی خفیہ بینک اکاونٹس کی تحقیقات کے لیے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو خط لکھ دیا۔
اکبر ایس بابر نے اپنے خط میں لکھا کہ 20 ماہ سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے پر عمل نہیں ہوا۔ نشاندہی کے باوجود غیرملکی بینک اکاونٹس کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی، خفیہ بینک اکاونٹس کا ملک دشمن کارروائیوں میں استعمال ہونا خارج ازامکان نہیں۔

اکبر ایس بابر نے لکھا پی ٹی آئی کی غیرقانونی غیرملکی فنڈنگ ثابت ہوچکی ہے۔ قومی سلامتی کے اس معاملے پر کارروائی نہ ہونا پریشان کن ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کردیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا بیرونی ممالک میں بینک اکاونٹس کھولنا اور خفیہ رکھنا جرم ہے۔ خفیہ غیرملکی اکاونٹس استعمال کرنے والے شہریوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔