فضل الرحمان کا ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ اور جلسے کرنے کا اعلان

 

اسلام آباد (اُمت نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 8 فروری کے عام انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا اور اب آنے والے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں، جے یو آئی کا کوئی امیدوار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گا، ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی و جمہوری ریاست بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے، کارکن اللہ کریم سے مدد و نصرت مانگیں اور ابھی سے محنت شروع کردیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں امن ہے اور نہ جمہوریت: فضل الرحمان کا چینی انجینئرز کی ہلاکت پر اظہار افسوس

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا جبکہ 2024 کے الیکشن میں بھی عوام کے حق رائے دہی پر شب خون مارا گیا، فیصلہ کیا تھا کہ ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے اور انہیں مسترد کرتے ہیں، ہمیں عوام کی طرف جانا ہو گا، انہیں اعتماد میں لینا ہوگا، عوام کو ووٹ کے حق کیلئے متحد کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوام کی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کو تحفظ دے سکیں، ہمارا موقف واضح ہے اور اس کے لئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے، 25 اپریل کو بلوچستان سے تحریک کا آغاز کریں گے، اجتماعات کو عوامی اسمبلی کا نام دیتے ہیں، 25 اپریل کو پشین میں بڑا جلسہ کیا جائے گا جس میں بلوچستان بھر سے عوام شریک ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2 مئی کو کراچی میں عوامی اسمبلی کا انعقاد ہوگا، سندھ بھر سے عوام شریک ہوں گے، 9 مئی کو پشاور میں عوامی اسمبلی منعقد ہو گی اور کے پی کے عوام شریک ہوں گے، پشاور جلسے کے بعد لاہور کیلئے تاریخ کا تعین کریں گے جہاں ملک بھر سے عوام شریک ہوں گے، دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کر رہے ہیں تاکہ عوام کی صفوں کو متحد کیا جا سکے۔