باریک سوئیوں سے بنی وائرس کش سطح تیار

 

میلبرن(اُمت نیوز) بین الاقوامی محققین کی ٹیم نے ایک وائرس کش سطح بنائی ہے جو اسپتال، لیب اور دیگر نازک ماحول میں بیماری کے پھیلنے کو روکنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔

سِلیکون سے بنی یہ سطح خردبینی سوئیوں سے ڈھکی ہوئی ہے جو وائرس کو اپنے اندر پھنسا لیتی ہیں۔

برونکٹس، نمونیا اور گلے کے ورم کا سبب بننے والے وائرس ایچ پی آئی وی کے ساتھ کیے جانے والے ٹیسٹ میں دیکھا گیا کہ اس سیلیکون سطح میں اٹکنے کے بعد 96 فیصد وائرسز یا تو ٹوٹ گئے تھے یا پھر اس حد تک مسخ ہو چکے تھے جس کے بعد پھیلنے کے لیے وہ مزید نقل نہیں بنا سکتے تھے۔

نینو سائنس جرنل اے سی ایس نینو میں شائع ہونے والے یہ متاثر کن نتائج بتاتے ہیں کہ یہ مٹیریل لیبارٹریز اور ہیلتھ کیئر کی جگہوں پر خطرناک بائیولوجیکل وائرسز کی منتقلی کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

آر ایم آئی ٹی کے اسکول آف ہیلتھ اینڈ بائیو میڈیکل سائنسز سے تعلق رکھنے والی تحقیق کی کارسپونڈنگ مصنفہ ڈاکٹر نیٹلی بورگ کا کہنا تھا کہ وائرس کو باریک سوئیوں میں اٹکانے کے بظاہر عام سے دِکھنے والے اس خیال کے لیے تکنیکی مہارت کی ضرورت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وائرس کش سطح ایک سپاٹ سیاہ آئینے کی طرح دِکھتی ہے لیکن حقیقت میں وائرسز کو مارنے کے لیے اس میں باریک باریک سوئیاں لگائی گئی ہیں۔

یہ سوئیاں دو نینو میٹر موٹی (انسانی بال سے 30 ہزار گُنا باریک) اور 2090 نینو میٹر لمبی ہیں۔