وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

اسلام آباد (اُمت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف آج دو روزہ دورے پرسعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے ۔

وزیراعظم 28 سے 29 اپریل کو ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے ، وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی ہوگی جس میں سرمایہ کاری اور ولی عہد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم کو عالمی اقتصادی فورم کے اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب محمد بن سلمان آل سعود اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے۔

وزیراعظم عالمی صحت ،فنانشل ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور عالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھیں گے۔

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات متوقع ہے ، ملاقات میں نئے اقتصادی پیکیج پر تبادلہ خیال ہوگا۔

دورہ میں وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات کا بھی امکان ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کابینہ کے اہم اراکین بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔