سابق ٹیم ڈائریکٹر تاحال واجبات سے محروم

 

کراچی(اُمت نیوز) محمد حفیظ کئی ماہ گزرنے کے باوجود اپنے واجبات کے منتظر ہیں جب کہ پی سی بی نے سابق ٹیم ڈائریکٹر کو معاوضہ نہ ہی ڈیلی الاؤنس دیا۔

ذکا اشرف جب مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ تھے تو انھوں نے محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داری سونپی، دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داری بھی انھوں نے سنبھالی، کینگروز کے دیس میں ٹیم شان مسعود کی زیرقیادت تینوں ٹیسٹ ہار گئی، کیویز نے شاہین شاہ آفریدی الیون کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-4 سے زیر کیا۔

ذکا اشرف کی جگہ جب محسن نقوی نے پی سی بی کے سربراہ کی ذمہ داری سنبھالی تو غیرملکی کوچ لانے کا عندیہ دیا، اس سے حفیظ کا عہدے پر برقرار نہ رہنا یقینی ہوگیا، فروری میں انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ نئے چیئرمین کے آنے پر ان کی چار سالہ ذمہ داری صرف 2 ماہ تک ہی محدود رہی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم رواں ماہ پاکستان آنے والی ہے، البتہ اب تک کسی کوچ کا تقرر ہی نہیں کیا جا سکا، کئی غیرملکی سابق کرکٹرز انکار کر چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کو ان کا طے شدہ معاوضہ اور آسٹریلیا و نیوزی لینڈ ٹور کا ڈیلی الاؤنس بھی ادا نہیں کیا، یاد دہانی پر کہا گیا کہ چیئرمین کی مصروفیت کے سبب ایسا ہوا۔

حفیظ نے وطن واپسی کے بعد محسن نقوی سے ملاقات کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا،اس کے بعد انھیں عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ سامنے آ گیا۔

سابق کپتان اب ٹی وی پر بطور ماہر فرائض انجام دے رہے ہیں، البتہ اب تک انھوں نے کھل کر پی سی بی کے ساتھ اپنے تجربات پر اظہار خیال سے گریز کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔