فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایران کا اسرائیل پر حملہ، ڈرون اور میزائل فائر کردیے

ایران(اُمت نیوز)ایران نے اسرائیل پر براہ راست ڈرون حملے کردیے، امریکی حکام نے بھی اسرائیل پر ایران کے حملے کی تصدیق کردی ہے۔

ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے درجنوں ڈرون اور میزائل لانچ کرکے اسرائیل کے مخصوص مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر وسیع پیمانے پر ڈرون حملے کیے ہیں، اس حوالے سے اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے کروز میزائل بھی فائر کر دیے ہیں۔

ایران کے وزیر دفاع نے ایک بیان جاری کرکے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ان میں سے جو بھی ڈرون کو روکنے کے لیے اسرائیل کے لیے اپنی فضائی حدود کھولے گا اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل پر فوجی کارروائی دمشق میں ایرانی سفارتی احاطے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں کی گئی، معاملہ اب ختم سمجھا جا سکتا ہے۔

ایرانی مشن نے یہ بھی کہا کہ اگر اسرائیلی حکومت نے کوئی اور غلطی کی تو ایران کا ردعمل کافی زیادہ سخت ہوگا۔

ایرانی مشن نے مزید کہا کہ یہ ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ ہے، امریکا کو اس سے دور رہنا چاہیے۔

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی ڈرون اسرائیلی حدود میں پہنچ گئے ہیں، اسرائیل میں خوف کی فضا ہے جبکہ تمام اسکولز اور تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی سرزمین کی طرف بغیر پائلٹ کے طیارے روانہ کیے ہیں، اب طیاروں کو اسرائیل تک پہنچنے میں کئی گھنٹے لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی عوام ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل کریں، کوشش کریں گے کہ UAVs کو اسرائیل کی سرزمین تک پہنچنے سے روکا جائے۔

 

ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون فائر کرنے پر اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیل ہر صورتحال کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے فوجی ہیڈکوارٹر میں اسرائیلی جنگی کابینہ کا اجلاس بلالیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈز کے سینیئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل تھے۔

سفارتخانے پر حملے کے بعد ایران نے اسرائیل کو جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔