فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب اور بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے25 جاں بحق

ملتان(اُمت نیوز)جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 25 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے علاقوں مظفر گڑھ، رحیم یار خان، راجن پور، لودھراں، بہاولپور اور بہاولنگر میں آسمانی گرنے کے واقعات میں 17 جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مظفر گڑھ، رحیم یار خان،راجن پور،لودھراں ،بہاولپور اور بہاولنگر میں آسمانی بجلی گرنے کے سانحات پیش آئے جس میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خراب موسم میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق رحیم یار خان میں آسمانی بجلی گرنے کے تین واقعات میں میاں بیوی اور دو بچوں سمیت 7 جبکہ بہاولپور، لودھراں اور فقیر والی میں 9 اور دنیا پور کے علاقے میں 1 شہری جاں بحق ہوا۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے چمن اور سوراب میں آسمانی بجلی سے دو ، دو جبکہ قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، پشین اور ڈیرہ بگٹی میں آسمانی بجلی سے ایک ایک شہری جاں بحق ہوا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب اور بلوچستان میں بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی جبکہ متاثرین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے این ڈی ایم اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز تر کرنے کا حکم بھی دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔