لاہور ایئرپورٹ پر اچانک آتشزدگی، امیگریشن سسٹم تباہ

 

لاہور(اُمت نیوز) لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آتشزدگی کے نتیجے میں امیگریشن سسٹم تباہ ہو گیا جس کی وجہ سے متعدد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایف آئی اے کے امیگریشن ہال میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے حصے کو لپیٹ میں لے لیا، آگ کے باعث حکام نے امیگریشن ہال خالی کروا لیا۔

آگ سے امیگریشن ہال کے ارد گرد دھواں جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، آگ کے بعد امیگریشن کا عمل روک دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے، امیگریشن سسٹم میں خرابی کی وجہ سے لاہور سے مدینہ جانے والی پہلی حج پرواز پی کے 717 تاخیر کا شکار ہوئی، عازمین حج کو ائیرپورٹ لاونج سے نکال کر باہر برآمدے میں کھڑا کردیا گیا۔ لاہور سے اندرون و بیرون ملک آپریٹ ہونے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

جدہ سے لاہور آنے والی سیرین ائیر کی پرواز ای آر 822 کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی۔ دوحہ سے لاہور آنے والی قطر ائیر کی پرواز کیو آر 628 اور ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 178 کو بھی لینڈنگ کی اجازت نہ دی گئی۔ تینوں پروازوں کے طیارے ہوا میں ہی چکر لگانے لگے۔

آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور کئی گھنٹوں بعد لاؤنج میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔