فائل فوٹو
فائل فوٹو

فرانس نے بھارتی رافیل تباہ ہونے کی تصدیق کر دی

پیرس : فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس اہلکار نے امریکی میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔

فرانسیسی اہلکار کے مطابق فرانسیسی حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے واقعی ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی انٹیلیجنس افسر نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے گرایا گیا یہ رافیل طیارہ وہ پہلا موقع ہے جب کوئی رافیل جنگ میں تباہ ہوا ہے۔ یہ طیارہ بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال تھا اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی گئی مبینہ فضائی کارروائی کے دوران مار گرایا گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے مار گرائے، جن میں سے تین رافیل تھے۔ فرانسیسی حکام اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا ایک سے زیادہ رافیل طیارے گرائے گئے ہیں یا نہیں۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں حادثے کا شکار ایک بھارتی طیارے کے ملبے سے ملنے والے پرزے پر فرانسیسی کمپنی کی شناخت واضح دیکھی گئی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے یہ حتمی نتیجہ اخذ کرنا ممکن نہیں کہ وہ پرزہ رافیل طیارے ہی کا ہے۔

خیال رہے کہ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے گزشتہ شب بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔