حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان وفاقی بجٹ پیش کرنے پر اتفاق

اجلاس میں موجودہ اخراجات اور ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

June 4, 2026 · اہم خبریں, قومی

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس ہوا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیپلز پارٹی قیادت سے ملاقات کی، ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی ترجیحات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں موجودہ اخراجات اور ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا،مالیاتی استحکام، عوامی فلاح اور جامع اقتصادی ترقی سے متعلق امور زیر بحث آئے،مالی سال 27-2026 کے لیے معاشی حکمت عملی اور ترقیاتی اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کی جانب سے  بجٹ 27-2026 بدھ 10 جون 2026 کو پیش کرنے کی وزیراعظم کو سفارش پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، نوید قمر، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا شریک ہوئے اور سندھ کے ترقیاتی اور آبی منصوبوں سے متعلق امور بھی اجلاس میں زیر بحث آئے، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور معاون خصوصی طارق باجوہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔

سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بجٹ امور پر بریفنگ دی، حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان بجٹ پر مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام کو بجٹ کی اہم ترجیحات قرار دیا گیا، وفاقی بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔