فائل فوٹو
فائل فوٹو

کوٹری میں میاں بیوی اور 2 بچوں کا لرزہ خیز قتل

کوٹری: کوٹری میں نامعلوم افراد نے میاں بیوی اور ان کے 2 بچوں کو بے دردی سے قتل کردیا اور مبینہ طور پر ایک لڑکی کو اٹھا کر لے گئے۔

پولیس نے بند گھر سے3 دن پرانی لاشیں تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کروادیں۔ کوٹری سائٹ تھانے کے ایس ایچ او زاہد جھتیال کے مطابق خدا کی بستی سائٹ میں گھر سے میاں ، بیوی اور 2 بچوں کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں، بند گھر سے برآمد ہونے والی لاشیں3 سے 4 روز پرانی ہیں۔

اہل محلہ کی نشاندہی پر گھر کا دروازہ توڑ کر لاشیں نکالی گئیں۔ جاں بحق افراد کا تعلق بلوچستان سے بتایا جاتا ہے۔ جاں بحق افراد میں میاں، بیوی اور بچے شامل ہیں۔ چاروں کے جسم پر چھریوں کے وار کے نشانات بھی موجود ہیں اور انھیں ذبح کیا گیا۔ کمرے اور صحن میں خون بھی پڑا تھا۔

گھر کے سربراہ کی لاش کی شناخت 40 سالہ عمران علی اور اس کی اہلیہ مسماة عالیہ کے طور پر ہوئی ہے جو کچھ عرصے قبل بلوچستان سے اپنے بچوں کے ہمراہ کوٹری خدا کی بستی کے علاقے میں کرایہ کے گھر پر منتقل ہوا تھا۔

اہل محلہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ مقتول کے اہلخانہ کے ساتھ ایک لڑکی بھی رہائش پذیر تھی جو لاپتہ ہے۔ لاشیں اسپتال منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔