کوٹری: لاکھڑاکول مائن کمپنی کی کان میں کوئلے کی کھدائی کے دوران زہریلی گیس بھر گئی جس کے نتیجے میں2 مزدور جاں بحق جبکہ 7 مزدور اور ریسکیو عملے کی حالت غیر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق لاکھڑا کول مائن کی کوئلے کی کان مین زہریلی گیس بھرنے سے کان میں کوئلے کی کھدائی کرنے والے 2 مزدور جاںبحق ہو گئے ۔حادثہ سندھ لاکھڑا کول کمپنی کی کوئلہ کی کان میں پیش آیا جہاں کوئلے کی کھدائی کے دوران زہریلی گیس بھرنے سے 45سالہ عبدالرشید آرائیں اور35سالہ محمد موسی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 مزدور کی حالت غیر ہو گئی۔
مزدوروں کو نکالنے کے لیے کان کے اندر جانے والی ریسکیو ٹیم کے بھی 4افراد کی حالت غیر ہو گئی جنھیں نکالنے کے لیے دیگر ریسکیو عملے اور مزدورں کو کان کے اندر بھیجا گیا جنھوں نے 2مزدور محمد عباس اور حسین زادہ کو کان سے نکال کر باہر منتقل کیا۔
دونوں کی حالت انتہائی نازک ہونے پر انھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر مزدوروں کو ریسکیو ٹیم کو بھی کان سے نکال کر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔جاںبحق دونوں مزدور سوات کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ حادثے میں مزدوروں اور ریسکو عملے سمیت 7 افراد متاثر ہوئے تھے۔