سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔
گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور تین نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر لے گئے۔
بعد ازاں تینوں نوجوانوں کی تشدد زدہ اور گولیاں لگی لاشیں ایک سنسان علاقے سے مل گئیں۔ پولیس نے لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
بھارتی فوج کے تشدد سے شہید ہونے والے کشمیری نوجوان مقامی کالج کے طالب علم تھے اور کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں تھے۔
شہید نوجوانوں کے والدین اپنے جگر کے ٹکڑوں کی لاشوں کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔