واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک سے درخواست کی ہے کہ وہ آئی فون کے بھارت میں پلانٹس بنانے کا عمل روک دیں،اسی کے ساتھ اُن کا کہنا تھا کہ انڈیا اپنے مفادات کا خیال خود رکھ سکتا ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ روز ٹم کک کے ساتھ گفتگو میں تھوڑا مسئلہ پیش آیا، وہ قطر میں اپنے سرکاری دورے پر تھے جو بھارت میں بڑا منصوبہ بنانا چاہتے ہیں لیکن میں نہیں چاہتا کہ وہ بھارت میں کوئی پلانٹ لگائیں۔ اس گفتگو کے نتیجے میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایپل ”امریکہ میں اپنی پیداوار بڑھائے گا۔“
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے برسوں تک چین میں قائم آپ کی فیکٹریوں کو برداشت کیا ہے۔ اب ہم نہیں چاہتے کہ آپ اپنی فیکٹریاں انڈیا میں بنائیں۔ انڈیا اپنا خیال خود رکھ سکتا ہے اور وہ یہ کام بہت اچھے سے کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ آپ اب امریکہ کی جانب واپس لوٹیں اور اپنی فیکٹریاں وہاں لگائیں۔‘
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ محصولات کی رکاوٹوں کا شکار ملک ہے اور امریکی مصنوعات کو یہاں بیچنا بہت مشکل ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے امریکی مصنوعات پر محصولات کم کرنے کی پیشکش کی ہے، کیونکہ بھارت درآمدی ٹیکسوں پر ایک معاہدہ چاہتا ہے۔