کراچی: شہر قائد میں گزشتہ تین روز کے دوران آنے والے زلزلوں کی تعداد 19 ہوگئی، مسلسل آنے والے زلزلوں کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
شہر میں 19واں زلزلہ 11 بج کر 34 منٹ پر آیا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 2.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 30 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز ڈی ایچ اے سٹی کے شمال مشرق میں 15 کلو میٹر کی دوری پر تھا۔
اس سے قبل، کورنگی میں صبح بھی زلزلہ آیا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 3.2 رہی جبکہ گہرائی 11 کلومیٹر زیر زمین تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ صبح 6 بجکر 42 منٹ پر ریکارڈ ہوا، جس کا مرکز کورنگی کے جنوب مغرب میں 29 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔
اسی طرح، شہر کے مختلف علاقوں میں پیر کی رات 8 بج کر 49 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
لانڈھی، کورنگی، ملیر سمیت دیگر علاقوں کے شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے اور وہ خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔