سلطنت عمان میں نئے ہجری سال 1447ھ کے آغاز پر 29 جون 2025 کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔
یہ اعلان وزارت محنت کی جانب سے جاری ایک باضابطہ فیصلے کے ذریعے کیا گیاہے، تعطیل کا اطلاق تمام سرکاری و نجی اداروں پر یکساں طور پر ہوگا تاکہ عوام اس مقدس موقع پر دینی جذبے کے ساتھ یکجہتی اور روحانی سکون حاصل کر سکیں۔
وزارت محنت نے یہ بھی واضح کیاہے کہ اگر کوئی ادارہ اپنی نوعیت کے لحاظ سے تعطیل کے دن ملازمین کی خدمات لینا چاہے تو یہ عمل صرف باہمی رضامندی اورمناسب مالی معاوضے کی فراہمی کی شرط پر کیا جا سکے گا،اس میں خصوصاً ہسپتال، ہوائی اڈے، سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے شامل ہو سکتے ہیں۔
وزارت محنت کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ماہ محرم کا چاند دیکھنے کا اعلان متعلقہ ادارے بعد میں کریں گے۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بھی 27 جون بروز جمعہ کو اسلامی سال 1447 ہجری کے آغاز پر سرکاری طور پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔