پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات کی بازگشت، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجلاس طلب کر لیا
اجلاس کل شام 7 بجے منعقد ہوگا، جس میں پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات کی اطلاعات کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ارکان اسمبلی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کل شام 7 بجے منعقد ہوگا، جس میں پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں پارٹی کے اندرونی معاملات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت متوقع ہے۔
اطلاعات ہیں کہ پارٹی کے بعض ارکان کے تحفظات سامنے آنے کے بعد قیادت متحرک ہو گئی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء ناراض اراکین سے رابطے بھی کر رہے ہیں تاکہ اختلافات کو کم کیا جا سکے۔
دوسری جانب ناراض ارکان نے بھی اپنی مشاورت کے لیے الگ اجلاس بلایا ہے، جس کے باعث سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی بجٹ سے قبل پیدا ہونے والی یہ صورتحال سیاسی حلقوں میں خاصی اہمیت اختیار کر گئی ہے، اور آئندہ چند روز میں ہونے والی ملاقاتیں معاملات کے رخ کا تعین کر سکتی ہیں۔