وزٹ ویزا پر غیر قانونی حج کی سہولت دینے والوں پر ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔ سعودی عرب

یہ سزائیں یکم ذوالقعدہ (18 اپریل) سے لے کر 14 ذوالحجہ تک نافذ العمل ہوں گی۔

               
April 15, 2026 · بام دنیا

رسعودی وزارت داخلہ نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ بغیر اجازت حج کرنے والوں اور ایسے افراد جو مختلف قسم کے وزٹ ویزا رکھنے والوں کو غیر قانونی طور پر حج ادا کرنے میں مدد دیں گے، ان کے خلاف سخت سزائیں دی جائیں گی۔ ان افراد پر زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ سعودی ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا جو وزٹ ویزا رکھنے والوں کو سہولت فراہم کریں گے، یا انہیں رہائش یا ٹرانسپورٹ دیں گے تاکہ وہ ویزا کی مدت سے زائد قیام کرکے حج ادا کر سکیں۔

یہ سزائیں یکم ذوالقعدہ (18 اپریل) سے لے کر 14 ذوالحجہ تک نافذ العمل ہوں گی۔

سزاؤں کی تفصیل:

1) جو افراد بغیر اجازت نامے کے حج کریں گے یا حج کرنے کی کوشش کریں گے، ان پر زیادہ سے زیادہ 20 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ یہی جرمانہ ان تمام وزٹ ویزا ہولڈرز پر بھی لاگو ہوگا جو اس مدت میں مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات میں داخل ہوں گے یا وہاں رہنے کی کوشش کریں گے۔

2) جو شخص کسی ایسے فرد کے لیے وزٹ ویزا حاصل کرے گا جو بغیر اجازت حج کرنے کی کوشش کرے یا مکہ میں داخل ہو، اس پر زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا، اور یہ جرمانہ ہر خلاف ورزی کرنے والے فرد کے حساب سے بڑھتا جائے گا۔

اسی طرح جو شخص وزٹ ویزا ہولڈرز کو مکہ منتقل کرے گا یا ایسا کرنے کی کوشش کرے گا، یا انہیں ہوٹل، اپارٹمنٹ، ذاتی گھر یا کسی بھی رہائش میں ٹھہرائے گا، اس پر بھی ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔ جو لوگ ایسے افراد کو چھپائیں گے یا انہیں رہنے میں مدد دیں گے ان پر بھی یہی سزا لاگو ہوگی، اور ہر فرد کے حساب سے جرمانہ الگ ہوگا۔

3) جو افراد بغیر اجازت حج کرنے کے لیے مکہ میں داخل ہوں گے، چاہے وہ مقیم ہوں یا ویزا کی مدت ختم کر چکے ہوں، انہیں ملک بدر کیا جائے گا اور 10 سال کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی ہوگی۔

4) متعلقہ عدالت سے درخواست کی جائے گی کہ ان گاڑیوں کو ضبط کیا جائے جو وزٹ ویزا ہولڈرز کو مکہ یا مقدس مقامات تک لے جانے کے لیے استعمال کی جائیں، بشرطیکہ وہ گاڑیاں ڈرائیور، سہولت کار یا ان کے ساتھیوں کی ملکیت ہوں۔

وزارت نے کہا ہے کہ جس شخص پر جرمانہ عائد کیا جائے، وہ 30 دن کے اندر متعلقہ کمیٹی کے سامنے اپیل دائر کر سکتا ہے، اور کمیٹی کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر عدالت میں بھی اپیل کا حق حاصل ہوگا۔

وزارت نے شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور تمام ویزا ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج کے قوانین کی پابندی کریں اور خلاف ورزی سے بچیں۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع نمبر 911 (مکہ ریجن) پر دیں۔